راولپنڈی: افغان جارحیت کے خلاف وطنِ عزیز کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے 12 بہادر سپوتوں کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کردی گئی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، گورنر خیبر پختونخوا، سینئر سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
آرمی چیف نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کر کے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے بلند حوصلے اور وطن سے محبت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج اور پاکستانی قوم شہدا کے عظیم لہو کی مقروض ہے، اور ان کی قربانیاں وطن کے دفاع اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا اور کسی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں شہدا کے جسد خاکی فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے جہاں ان کی تدفین مقامی قبرستانوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے ان جاں باز سپوتوں نے افغان جانب سے حالیہ جارحیت کے دوران بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانیں وطن پر قربان کیں۔ قوم اپنے ان ہیروز پر فخر کرتی ہے جنہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔