تھانہ صادق آباد میں درج 26 نومبر کے گھیراؤ جلاؤ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خانم کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالت نے علیمہ خانم کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ یہ فیصلہ انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے دیا۔
دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ علیمہ خانم کی جانب سے محمد فیصل ملک اور حسنین سنبل پر مشتمل لیگل ٹیم نے وکالت کی۔ علیمہ خانم کے وکیل محمد فیصل ملک نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی جو عدالت نے خارج کر دی۔
ذرائع کے مطابق، آج علیمہ خانم سمیت شریک ملزمان پر فردِ جرم عائد کیے جانے کی کارروائی عمل میں نہیں آ سکی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔
مذکورہ مقدمہ تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کے واقعے سے متعلق درج کیا گیا تھا، جس میں علیمہ خانم سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔