وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے گریڈ 20 کے افسر رانا وقار علی کو نااہلی، مس کنڈکٹ اور کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد ایف بی آر نے رانا وقار علی کی برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ محکمانہ انکوائری کے دوران افسر کے خلاف عائد الزامات ثابت ہوگئے جس پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں عہدے سے برخاست کیا گیا۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ برطرف افسر کو قانون کے مطابق اپیل کا حق حاصل ہے اور وہ اپنی برطرفی کے خلاف 30 روز کے اندر اپیلیٹ اتھارٹی میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔
محکمہ خزانہ اور ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق ادارے میں احتساب اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ بدعنوانی کے عناصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔