اسلام آباد: جعلی سفری دستاویزات پر یورپ جانے کی کوشش ناکام، 2 مسافر آف لوڈ

image

اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی کے دوران دو مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے مسافروں کی شناخت فیاض احمد اور نعمان علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق منڈی بہاءالدین سے بتایا گیا ہے۔

دونوں ملزمان فلائٹ نمبر EY303 کے ذریعے اٹلی روانہ ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ ابتدائی جانچ کے دوران ان کے پاس موجود اٹلی کے ریزیڈنٹ کارڈ مشکوک پائے گئے، جنہیں مزید تصدیق پر جعلی قرار دیا گیا۔ اسی طرح، ان کے پاسپورٹس پر لگی ہوئی پاکستانی اور اطالوی امیگریشن کی اسٹیمپس بھی جعلی ثابت ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان نے مختلف ایجنٹوں سے بھاری رقوم کے عوض یہ جعلی ریزیڈنٹ کارڈز اور دیگر سفری دستاویزات حاصل کی تھیں۔

ایف آئی اے امیگریشن نے دونوں مسافروں کو حراست میں لینے کے بعد مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کردیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوششوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اس کیس میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے بھی تحقیقات تیزی سے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US