اکتوبر میں سردیوں کی کون سی 5 سبزیاں گھر میں اگائیں؟ وہ آسان طریقے جو مالی کبھی نہیں بتاتا

image

اکتوبر کا موسم سبزیاں اگانے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ نہ زیادہ گرمی ہوتی ہے نہ سردی، اس لیے پودے آسانی سے بڑھتے ہیں۔ اگر آپ چھت یا صحن میں گملوں یا کریٹس میں یہ سبزیاں لگائیں تو سردیوں میں تازہ سبزیاں آپ کے اپنے ہاتھ کی اگائی ہوئی ہوں گی۔

ٹماٹر

ٹماٹر کے بیج نرم مٹی، گوبر کی کھاد اور تھوڑی سی ریت ملا کر گملے میں بوئیں۔ بیج آدھا انچ گہرائی میں ڈالیں اور روزانہ ہلکا پانی دیں۔ پودے کو روز دھوپ ضرور لگنی چاہیے۔ ٹماٹر تقریباً 70 سے 90 دن میں پھل دینا شروع کرتا ہے۔ اگر پودوں پر سفید کیڑے یا چھوٹے کیڑوں کا حملہ ہو تو نیم کے پتوں کا پانی ابال کر اسپرے کریں، یہ قدرتی طور پر پودے کو بچاتا ہے۔

مولی

مولی کے بیج براہِ راست مٹی میں ڈالیں، زیادہ گہرے نہ کریں۔ مٹی نم رکھیں لیکن زیادہ گیلی نہ ہو۔ مولی بہت تیزی سے اگتی ہے اور 25 سے 30 دن میں کھانے کے قابل ہو جاتی ہے۔ اگر پتے کھانے والے کیڑے آئیں تو سرکہ اور پانی کا ہلکا اسپرے کریں، اس سے کیڑے فوراً ختم ہو جاتے ہیں۔

پالک

پالک کے بیج زرخیز مٹی میں چھڑک کر اوپر ہلکی سی مٹی ڈال دیں۔ مٹی کو نم رکھیں، روزانہ ہلکا پانی دیں۔ پالک سردیوں میں بہت تیزی سے اگتی ہے اور 35 سے 40 دن میں تیار ہو جاتی ہے۔ اگر پتے پیلے ہونے لگیں یا ان پر چھوٹے کیڑے آئیں تو لہسن یا نیم کے پانی کا اسپرے کریں، اس سے پودا تندرست رہتا ہے۔

گاجر

گاجر کے بیج تھوڑی گیلی مٹی میں بوئیں اور دھوپ والی جگہ رکھیں۔ گاجر کو زیادہ پانی کی ضرورت نہیں، ہفتے میں دو یا تین بار پانی کافی ہے۔ یہ سبزی 70 سے 80 دن میں مکمل تیار ہو جاتی ہے۔ اگر پتے مڑنے یا سڑنے لگیں تو لہسن کے پانی کا اسپرے کریں، یہ قدرتی طور پر کیڑوں کو مار دیتا ہے۔

گوبھی

گوبھی کے بیج گملے یا زمین میں لگا لیں یا نرسری سے چھوٹے پودے خرید لیں۔ مٹی میں تھوڑی راکھ اور کھاد ضرور ڈالیں تاکہ پودا مضبوط ہو۔ گوبھی روزانہ کی دھوپ میں اچھی بڑھتی ہے اور 80 سے 90 میں تیار ہو جاتی ہے۔ اگر سنڈیاں یا چھوٹے کیڑے لگیں تو نمک اور پانی کا ہلکا اسپرے کریں، یہ ان سے مؤثر طریقے سے بچاتا ہے۔

ان آسان طریقوں سے آپ اکتوبر میں پانچ اہم سبزیاں گھر پر اگا سکتے ہیں، وہ بھی بغیر نقصان دہ اسپرے کے۔ تھوڑی محنت، تھوڑی محبت، اور سردیوں میں تازہ سبزیاں بس آپ کے اپنے باغ سے!


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US