پاکستان جنوبی افریقا میچز کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری

image

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے کرکٹ میچز کے موقع پر شہریوں اور شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے راولپنڈی ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق میچز کے دوران 367 سے زائد افسران اور اہلکار شہر کے مختلف مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا، عوام کی رہنمائی کرنا، اور شائقین کو پارکنگ و شٹل سروس کے حوالے سے سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔

سی ایس او ٹریفک محمد وسیم نے بتایا کہ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کو کم سے کم وقت کے لیے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔

اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی طرف موڑا جائے گا جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو 6th روڈ سے سید پور روڈ کی جانب ڈائیورٹ کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق اسٹیڈیم روڈ 9th ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف مکمل طور پر بند رہے گا۔ اسلام آباد سے 9th ایونیو کے ذریعے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد ایکسپریس وے سے راولپنڈی داخل ہونے کی اجازت ہوگی جبکہ اسلام آباد جانے والی ٹریفک فیض آباد کے راستے آگے بڑھ سکے گی۔

شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ کی سہولت تین مقامات پر فراہم کی گئی ہے جن میں سول ایوی ایشن گراؤنڈ، شہباز شریف پارک، گریجویٹ ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن شامل ہیں اس کے علاوہ اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی۔

سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی شہریوں کے تعاون سے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کی ٹیمیں ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ میچز کے دوران شہر میں ٹریفک نظام متاثر نہ ہو۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کو تازہ ترین ٹریفک اپ ڈیٹس ٹریفک پولیس کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز اور ریڈیو اسٹیشنز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔

سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور تعاون کے ذریعے کرکٹ ایونٹس کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US