بلوچستان کابینہ کا اجلاس: افغان جارحیت کی مذمت، عوامی فلاح اور اصلاحات کے فیصلے

image

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا 19واں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیاسی، انتظامی اور معاشی امور سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں افغان جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہداء کے لیے دعا بھی کی۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 1947 سے اب تک افغان حکومت کے رویے میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئی۔ پاکستان نے دہائیوں تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی مگر بدلے میں دشمنی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان مہاجرین کے انخلاء کا فیصلہ حتمی ہے۔

کابینہ نے امن و امان کے حوالے سے دفعہ 144 کے نفاذ میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت ڈپٹی کمشنر 30، کمشنر 60 اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ 90 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرسکیں گے۔

اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ کے لیے مینگرو فاریسٹ ایریا میں توسیع، انسدادِ جنسی جرائم یونٹس کے قیام اور خواتین کو ہراسگی سے بچانے کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے کے اقدامات کی بھی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ نے بلوچستان سسٹین ایبل فشریز اینڈ ایکو کلچر بل پر وزیر میر ظہور بلیدی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے اور دی بلوچستان کنٹرول آف نارکوٹکس سبسٹینس بل 2025 کی منظوری دی تاکہ منشیات کی روک تھام کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جاسکیں۔

اجلاس میں نکاح نامہ فارم ٹو میں ترمیم، بلوچستان اوورسیز پاکستانیز کمیشن بل 2025 کی منظوری اور یوتھ پالیسی پر عمل درآمد کے لیے فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دی گئی۔

صوبے کی معیشت کے استحکام کے لیے مائنز اینڈ منرل سیکٹر کو انڈسٹری کا درجہ دیا گیا جب کہ بلوچستان لینڈ لیز پالیسی 2025 کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے گوادر پریس کلب کے صحافیوں کے لیے جرنلسٹ کالونی کی منظوری بھی دی۔

وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی فلاح، شفاف طرزِ حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ایجنڈے پر پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو معاشی طور پر مستحکم، پرامن اور بااختیار صوبہ بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے بلوچستان کے بہتر مستقبل، پائیدار ترقی اور عوامی اعتماد کے استحکام کی عکاسی کرتے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US