برطانوی ہائی کمشنر کی وزیر مملکت برائے خزانہ سے ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

image

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سینئر سرکاری مشیر میٹ کلینسی کے ہمراہ جمعہ کے روز وزارتِ خزانہ میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے گفتگو کے دوران کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارتِ ریلوے ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے پر تیزی سے عمل کر رہی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے جاری اصلاحات کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی و ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے قریبی روابط برقرار رکھے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US