اسلام آباد ہائی کورٹ کا وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی میں میرٹ کی خلاف ورزی پر سخت اظہارِ برہمی

image

اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے افسران کی سینیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے وفاقی اداروں میں میرٹ کی خلاف ورزی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

کیس کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ سارے اداروں کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے کسی کو کوئی بندہ پسند ہے تو کسی کو اپنا رشتے دار اوپر لانا ہے۔ جس ادارے میں سینیارٹی ڈسٹرب کی گئی وہاں ہمیشہ مسائل پیدا ہوئے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے مزید کہا کہ مختلف وفاقی محکموں میں افسران کی ترقی اور تعیناتیوں میں میرٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے جس کے باعث اداروں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سینیارٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی انتظامی کمزوری اور اقربا پروری کی عکاسی کرتی ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ بتایا جائے کس قانون کے تحت سینیارٹی لسٹ میں تبدیلیاں کی گئیں اور کن بنیادوں پر بعض افسران کو فوقیت دی گئی۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US