یومِ استحصالِ کشمیر: صدر اور وزیراعظم کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ

image

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل سے وابستہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے جبکہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی جبر میں اضافہ ہوا تاہم تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام نے ثابت قدمی اور حوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سب سے اہم اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے جس کا پائیدار اور منصفانہ حل ہی خطے میں امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صرف تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ تنازع کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے عملی اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US