پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور واشنگٹن میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کی قیادت امریکی کوآرڈینیٹر برائے انسدادِ دہشت گردی سفیر گریگوری لوگیرفو اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری سفیر نبیل منیر نے کی۔
مذاکرات کے دوران دونوں وفود نے دہشت گردی سے متعلق موجودہ خطرات، باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے، سرحدی سکیورٹی بہتر بنانے اور دہشت گرد تنظیموں کے سہولت کار نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں پاکستان اور امریکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے شہریوں اور خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف تعاون جاری رکھیں گے۔ اعلامیے میں داعش خراسان (ISIS-K)، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس سے منسلک گروہوں کا بھی ذکر کیا گیا۔
دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خطے میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کے مشترکہ وژن کو آگے بڑھایا جا سکے۔