وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے اصلاحاتی پیکج پر ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں ملک میں بجلی کے مؤثر استعمال اور توانائی کے بہتر انتظام کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور صنعت و زراعت کے شعبوں میں اس کے مؤثر استعمال سے متعلق اصلاحاتی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن صنعتی پیداوار کے فروغ کے لیے جامع اور قابلِ عمل پالیسی سفارشات تیار کرے تاکہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت اور صنعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بجلی کے بہتر استعمال سے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ توانائی کا مؤثر استعمال پاکستان کی معاشی خودکفالت اور ترقی کی بنیاد ہے، لہٰذا بجلی کی پیداوار کے مثبت استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مربوط پالیسی تشکیل دی جائے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس خان لغاری، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر برائے اکنامک افیئرز احد خان چیمہ، مشیر برائے صنعت ہارون اختر، اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت دی کہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات بڑھانے سے متعلق سفارشات جلد مکمل کی جائیں تاکہ ملک کی معیشت کو مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔