راولپنڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے شہریوں کی چیخیں نکال دیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ بازاروں میں اشیائے خور ونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھ کر کارروائی مکمل کر رہے ہیں، عملی طور پر کوئی نگرانی نظر نہیں آ رہی۔
شہریوں کے مطابق سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکے ہیں۔ ٹماٹر، پیاز، آلو، لیموں، سیب، کیلا اور امرود سمیت تقریباً تمام اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
عوام نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ بدترین مہنگائی نے زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، سفید پوش طبقہ دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ”ہمارا کوئی پرسانِ حال نہیں، بازاروں میں من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔“
شہریوں اور تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوٹس لیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فعال کریں اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔