اسٹیٹ بینک اور آئی ایف سی میں مقامی کرنسی میں قرضوں کے اجرا کا معاہدہ

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ورلڈ بینک گروپ کے نجی شعبے کے ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے درمیان مقامی کرنسی میں قرضوں کے اجرا کو فروغ دینے کے لیے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ شراکت داری آئی ایس ڈی اے معاہدے کے تحت کی گئی ہے جس سے آئی ایف سی کو کرنسی کے خطرات کا مؤثر انتظام اور پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ممکن ہوگا۔ معاہدے کا مقصد ملکی معیشت کے کلیدی شعبوں کو مالی معاونت فراہم کرنا، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے معاہدے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی پائیدار معاشی نمو کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایف سی کے ساتھ شراکت داری کا مقصد مقامی کاروباروں کے لیے قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنا اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔

آئی ایف سی کے نائب صدر اور ٹریژری و موبلائزیشن کے ٹریژرر جان گینڈولفو نے کہا کہ کرنسیوں میں اتار چڑھاؤ ترقی پذیر معیشتوں کے لیے بڑا چیلنج ہے، اس لیے مقامی کرنسی میں قرضوں کا اجرا اب پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گیا ہے۔ ان نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ ایسے قرضوں کے فروغ کو اپنی اسٹریٹجک ترجیح سمجھتا ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں معاشی استحکام اور نمو کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شرحِ مبادلہ کے خطرات ان کمپنیوں کے لیے خاص طور پر نقصان دہ ہیں جو ڈالر جیسی مستحکم کرنسیوں میں قرض لیتی ہیں مگر آمدنی مقامی کرنسی میں حاصل کرتی ہیں۔ اس فرق کو کم کرنا نہ صرف کاروباری اداروں کے لیے مالی لچک پیدا کرے گا بلکہ ملک کے مجموعی معاشی استحکام کو بھی مضبوط بنائے گا۔

آئی ایف سی کے مطابق وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں میں جدید مالیاتی آلات کے استعمال اور شراکت داریوں کے فروغ کے ذریعے مقامی کرنسی میں فنانسنگ کی سہولیات بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اس شراکت سے پاکستان کی مالیاتی مضبوطی، نجی شعبے کی ترقی اور زرمبادلہ کے استحکام میں مدد ملے گی جو پائیدار اقتصادی ترقی کی سمت ایک اہم پیش رفت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US