خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (FIFC) کی مؤثر سفارتی و اقتصادی کاوشوں کے نتیجے میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان عالمی اقتصادی تعلقات کو نئی جہت مل گئی ہے۔ دونوں ممالک نے ترجیحی تجارتی معاہدے (Preferential Trade Agreement) کی تشکیل پر اتفاق کرلیا ہے، جسے دو طرفہ تجارت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ازبکستان نے کسٹمز ہم آہنگی، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور رئیل ٹائم ڈیٹا ایکسچینج کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا ہے، تاکہ تجارتی عمل کو آسان، شفاف اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ روزگار، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ اقدامات پاکستان کی معیشت کو ترقی کی نئی بلندیوں کی طرف لے جانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو مزید وسعت دینے کے لیے اگلے دو سال کے دوران تجارتی حجم دو ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ترجیحی تجارتی معاہدہ نہ صرف برآمدات و درآمدات میں اضافہ کرے گا بلکہ خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دے کر پاکستان کے عالمی اقتصادی تعلقات کو بھی مضبوط بنائے گا۔