عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ بڑھانے پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ساتھ ہی پروگرام کی امداد میں مزید اضافہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
آئی ایم ایف حکام کے مطابق انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ کو مضبوط کیا گیا ہے، بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں بےنظیر کفالت پروگرام کی رقم کم ہے تاہم صارفین کی قوتِ خرید برقرار رکھنے کے لیے مراعات میں مناسب اضافہ کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نےکفالت امداد کم آمدنی والے طبقے کی کھپت کے15 فیصد تک لے جانے کی تجویز دی اور کفالت پروگرام کی رقم میں افراطِ زر کے مطابق ایڈجسٹمنٹ کی بھی سفارش کی ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق بی آئی ایس پی کےبجٹ میں امدادی پروگراموں پر اخراجات میں 20 فیصد اضافہ شامل ہے، اس کے نتیجے میں کفالت پروگرام کے تحت نقد کیش امداد بڑھائی جائے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے کہا کہ غیرمشروط نقد امداد کی رقم 13500 روپے سے بڑھا کر 14500 روپے کی جائے اور کفالت پروگرام کی کوریج میں کم از کم 2 لاکھ خاندانوں کا اضافہ کیا جائے۔
آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک مستفید خاندانوں کی تعداد 10.2 ملین تک پہنچ جائے گی، 2026میں نئےگھریلو سروے کے بعد کفالت پروگرام کی امداد بڑھائی جانی چاہیے۔
علاوہ ازیں آئی ایم ایف نے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر پروگرام کی کوریج میں توسیع کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کےکنڈیشنل کیش ٹرانسفر کے بجٹ کا مکمل استعمال اہم ہے۔