وفاقی دارالحکومت کے علاقے بری امام میں پولیس نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق، علاقے میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی موجودگی کی اطلاع پر خصوصی آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران کچھ افراد نے مزاحمت کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق، گرفتار افراد کے پاس قانونی سفری یا رہائشی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ ان کے خلاف ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر (ڈیپورٹ) کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ایسے تمام افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، یہ آپریشن اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری مہم کا حصہ ہے جس میں حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد علاقوں میں چھاپے مار کر درجنوں غیر قانونی مقیم افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔