کیا کراچی والوں کو اب سستی بجلی ملے گی؟ نیپرا کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا

image

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کے-الیکٹرک کے ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے فی یونٹ کمی کا حکم دے دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کے-الیکٹرک کا اوسط ٹیرف 39.97 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر 32.37 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔

نیپرا نے یہ فیصلہ مالی سال 2024 تا 2030 کے لیے کے-الیکٹرک کے ملٹی ایئر ٹیرف کی نظرِثانی سے متعلق درخواستوں پر سنایا۔ فیصلے میں کے-الیکٹرک کے جنریشن، ٹرانسمیشن، ڈسٹری بیوشن اور سپلائی بزنس سے متعلق تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

ریگولیٹری اتھارٹی نے رائٹ آف کلیمز سے متعلق اپنا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا ہے تاہم اس مد میں صارفین پر 50 ارب روپے کا بوجھ برقرار رہے گا۔

نیپرا کے مطابق یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت کے بعد جاری کیا گیا ہے تاکہ بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب ترجمان کے-الیکٹرک نے کہا ہے کہ کمپنی نیپرا کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے جو کہ کے-الیکٹرک کے مختلف کاروباری شعبوں پر اثر انداز ہوگا۔

ترجمان کے مطابق دیگر معاملات میں نیپرا کی جانب سے نمایاں تبدیلیاں کمپنی کے لیے غیر پائیدار ہیں اور ان سے صارفین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کے-الیکٹرک فیصلہ دیکھنے کے بعد قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت اپنا آئندہ لائحہ عمل طے کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US