چیف سیکریٹری سندھ کی زیر صدارت ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے حوالے سے اجلاس منعقعد ہوا، جس میں سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری ثقافت سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے بریفنگ دی گئی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 30 اکتوبر تا 7 دسمبر ہوگا جس میں 141 ممالک کے 1000 سے زائد فنکار و اداکار پرفارم کریں گے۔
صدر آرٹس کونسل کراچی نے بتایا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی میں امریکا، یورپ، افریقہ اور ایشیا کے مختلف فنکار پرفارم کریں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ حکومتِ سندھ ورلڈ کلچر فیسٹیول کی میزبان ہے۔ 141 ممالک کے فنکار آنے سے ثقافت کے ذریعے سفارت کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر ورلڈ کلچر فیسٹیول کا خصوصی ڈیسک بنا کر مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے کے ایم سی کو ہدایت کی کہ شہر کے راستوں کی مرمت اور بیوٹیفکیشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔
آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے ذریعے سندھ میں بین الاقوامی سیاحت اور ثقافتی رابطوں کو فروغ ملے گا، جبکہ عالمی سطح پر سندھ کی ثقافت اور روایات اجاگر ہونے میں معاون ثابت ہوگا۔ فیسٹیول پاکستان کا مثبت اور پرامن چہرہ دنیا کے سامنے لانے کا ذریعہ بنے گا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ فیسٹیول کے دوران آرٹس کونسل کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ محکمہ صحت، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔