خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے باڑہ میں امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائل اپنی مرضی سے پاکستان میں شامل ہوئے ہیں اور ہمیشہ پاکستانی رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ رہیں گے اور ہمیشہ ریاست پاکستان کا ساتھ دیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ضم اضلاع کے بقایاجات فوری ادا کیے جائیں، ہمیں بھیک نہیں چاہیے بلکہ اپنا حق دیا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر ضلع میں امن جرگوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کا پرامن حل ممکن ہو سکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ امن کے ساتھ خیبرپختونخوا میں ترقی چاہتے ہیں اور کسی کی مجال نہیں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھے۔ قبائلی اضلاع کے لیے وعدے کے مطابق ہر سال 100 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی ممکن ہو۔