پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پانچ برس کی پابندی کے بعد پہلی پرواز آج اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز سنیچر کو 284 مسافروں کے ساتھ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوئی۔بیان کے مطابق ’پی آئی اے کی پرواز کو وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا ۔پرواز کی روانگی سے قبل ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں وزرات دفاع، سفارتی مشن اور ہوابازی کے شعبے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
فلائٹ آپریشن بحال ہونے کی خصوصی تقریب سنیچر کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد ہوئی جس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، سیکریٹری دفاع، پی آئی اے کے سی ای اور اور دیگر حکام سمیت برطانوی اور فرانسیسی سفارت کاروں نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئرلائن پر بین الاقوامی پابندی لگنے سے ملک کے امیج کو نقصان پہنچا، تاہم ن لیگ کی حکومت نے وقت ضائع کیے بغیر ہوابازی کے اداروں کو اختیارات اور وسائل فراہم کیے، پائلٹوں کی لائسنسنگ اور جہازوں کی مینٹیننس کے نظام کو ازسرنو تشکیل دیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ملکی معیشت پر بوجھ بننے کے بجائے سہارا بنے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مانچسٹر کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ ہے، حکومت کا مقصد پی آئی اے کے عالمی نیٹ ورک کو بحال اور اسے وسیع کرنا ہے۔
اس سے قبل ترجمان پی آئی اے نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتہ وار سنیچر اور منگل کو دو پروازیں آپریٹ کریں گے اور 15 گھنٹے کی مسافت کے بجائے 8 گھنٹوں میں مانچسٹر پہنچ سکیں گے۔
ترجمان نے اپنے تازہ بیان میں کہا کہ ’ابتدائی طور پر پی آئی اے نے ہفتہ وار دو پروازوں کے ساتھ آپریشن کا آغاز کیا ہے جو منگل اور ہفتے کے روز آپریٹ ہوں گی۔ پروازوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور لندن اور برمنگھم کیلئے بھی پروازیں شروع کی جائیں گی۔‘PIA heads to Manchester! A genuine joy to wave off the first flight by a Pakistani carrier to the UK in five years. Here’s to more destinations and connections! pic.twitter.com/PLMWmUooFp
— Jane Marriott (@JaneMarriottUK) October 25, 2025
قومی ایئر لائن پی آئی اے کی ویب سائٹ پر موجود فلائٹ شیڈیول کے مطابق پہلی براہ راست پرواز آج اسلام آباد سے 12 بج کر پانچ منٹ پر مانچسٹر کے لیے روانہ ہو گی جو شام پانچ بجے پہنچے گی۔ جبکہ مانچسٹر سے پرواز شام 7 بجے روانہ ہوگی اور صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔
پانچ سال کے عرصے کے بعد پی آئی اے دوبارہ اس روٹ پر اپنے آپریشن شروع کرنے جا رہا ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں ہی پروازیں بکنگ کے لیے کھول دی گئی تھیں۔
برطانیہ نے جولائی میں پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دی تھیں جو 2020 میں کراچی میں پی آئی اے کے ایئربس اے 320 طیارے کے حادثے کے بعد لگائی گئی تھیں۔ اس حادثے میں 97 افراد کی موت واقع ہوئی تھی۔
حادثے کے بعد پائلٹ لائسنسنگ میں بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے جس کے نتیجے میں برطانیہ اور یورپی یونین دونوں نے پابندیاں عائد کر دی تھیں۔پی آئی اے کی واپسی سے پاکستانی تارکین وطن کے لیے سفر آسان ہونے کی توقع ہے جبکہ تجارتی روابط مضبوط ہوں گے اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ برطانیہ پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم تقریباً چار کروڑ 70 ارب پاؤنڈ ہے۔