گندم کی بین الصوبائی پابندی غیر آئینی ہے، گورنر خیبر پختونخوا کا وزیر اعظم کو خط

image

گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی کے معاملے پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر شدید تشویش کا اظہار کر دیا۔

گورنر نے اپنے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا کہ گندم کی ترسیل پر عائد پابندیاں آئین کے آرٹیکل 151 کے منافی ہیں جو ملک کے اندر آزادانہ تجارت کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق بین الصوبائی رکاوٹیں نہ صرف غیر آئینی ہیں بلکہ اس کی وجہ سے گندم کی اسمگلنگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور مارکیٹ میں قیمتیں بھی بے قابو ہوچکی ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ صوبوں کے درمیان گندم کی روانی میں خلل آٹے کی قیمتوں پر براہ راست اثر ڈال رہا ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں 20 کلو آٹے کی بوری 2600 سے 2800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جو عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

گورنر نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام کو فوری ہدایات جاری کی جائیں تاکہ غیر آئینی پابندیوں کا خاتمہ ہو سکے اور ملک میں گندم کی آزادانہ نقل و حرکت بحال ہو کر مارکیٹ میں استحکام پیدا ہو۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US