بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ کے اسکواڈ پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ ہوا جس کے نتیجے میں لیویز فورس کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق دھماکا تربت پریس کلب روڈ پر اس وقت ہوا جب ڈپٹی کمشنر کا اسکواڈ وہاں سے گزر رہا تھا۔ موٹر سائیکل پر نصب بم جیسے ہی اسکواڈ کے قریب آیا زوردار دھماکا ہوا جس سے ایک سرکاری گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باوجود ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ بلٹ پروف گاڑی کی وجہ سے محفوظ رہے جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔