نیشنل پولیس اکیڈمی اپ گریڈیشن منصوبہ، محسن نقوی کی ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

image

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد کا دورہ کیا اور جاری اپ گریڈیشن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے نئے تعمیر ہونے والے گیارہ منزلہ ہاسٹل کا معائنہ کیا۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ عمارت کے تیسرے فلور تک کا اسٹرکچر ورک مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ منصوبہ آئندہ پانچ ماہ میں پایۂ تکمیل کو پہنچ جائے گا۔

محسن نقوی نے آفیسرز میس کا بھی جائزہ لیا اور خود کھانا چکھ کر معیار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ زیر تربیت افسران کو رہائش سے خوراک تک ہر سہولت معیاری فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ نے سپورٹس کمپلیکس اور فائرنگ سیمولیشن روم کا بھی دورہ کیا اور انہیں جدید خطوط پر فوری اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا:

نیشنل پولیس اکیڈمی پولیس فورس کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ بہترین تربیت یافتہ افسران ہی عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنا سکتے ہیں۔ اکیڈمی کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ ادارہ بنائیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ کو ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام کام شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ دورے کے دوران کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US