بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین، مگر اسٹرائک ریٹ پر سوال برقرار!

image

پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے۔ جمعہ کو جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے 18 گیندوں پر 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے اپنا مجموعی اسکور 4234 رنز تک پہنچا دیا۔ اس طرح انہوں نے بھارت کے روہت شرما، ویرات کوہلی، انگلینڈ کے جوز بٹلر اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

تاہم ماہرین کے مطابق اگر صرف رنز نہیں بلکہ کارکردگی کے دیگر پہلوؤں کو دیکھا جائے تو یہ سوال ابھر کر سامنے آتا ہے کہ بابر اعظم کو دسمبر 2024 میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے کیوں باہر کیا گیا تھا اور اب دوبارہ کیوں شامل کیا گیا؟

اعداد و شمار کے مطابق بابر اعظم کا بیٹنگ ایوریج 39.57 ہے جو پانچوں بلے بازوں میں سب سے بہتر ہے،مگر ان کا اسٹرائک ریٹ 128.77 سب سے کم ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے صرف 73 چھکے لگائے ہیں جو دیگر ٹاپ بیٹسمینز کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہیں۔

بھارتی بلے باز روہت شرما نے 140.89 کے اسٹرائک ریٹ کے ساتھ 205 چھکے لگائے جبکہ ویرات کوہلی نے 137.04 اسٹرائک ریٹ پر 124 چھکے مارے۔ انگلینڈ کے جوز بٹلر نے 148.97 کے اسٹرائک ریٹ پر 172 چھکے جڑے اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ نے 134.8 اسٹرائک ریٹ پر 133 چھکے لگائے۔

ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اسٹرائک ریٹ اور پاور ہٹنگ بیٹنگ ایوریج سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے اسی لیے سوال یہ بھی اٹھ رہا ہے کہ بابر اعظم نے دسمبر کے بعد اپنی بیٹنگ میں ایسی کون سی تبدیلی دکھائی کہ سلیکٹرز نے انہیں دوبارہ موقع دینے کا فیصلہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US