وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے ملک کے آٹھ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید انٹیگریٹڈ بارڈر مینیجمنٹ سسٹم ٹو کامیابی سے نافذ کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی نگرانی میں ادارے میں جاری اصلاحاتی عمل کے تحت یہ اقدام امیگریشن کے نظام کو جدید، تیز اور شفاف بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق نئے سسٹم کے ذریعے سفری ریکارڈ کی ڈیجیٹل انٹیگریشن ممکن ہو گئی ہے، جس سے جعلی سفری دستاویزات، مشکوک نقل و حرکت اور شناختی فراڈ کی بروقت نشاندہی میں مدد ملے گی۔
نظام کے افتتاح کی تقریب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی میں منعقد ہوئی جہاں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساوتھ مجاہد اکبر خان نے باضابطہ طور پر سسٹم کا افتتاح کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ IBMS-II کی تنصیب سے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر امیگریشن کے عمل میں شفافیت، رفتار اور سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی، جو قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ مسافروں کے لیے سہولتوں میں بھی اضافہ کرے گا۔