فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ہیڈ آفس میں یومِ آزادی کے حوالے سے ایک ووقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بطورِ خاص شرکت کی۔
تقریب کے دوران صنعتکاروں اور تاجر رہنماؤں نے سندھ پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے خاندانوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کا امن و امان اور معاشی بقاء پولیس شہداء کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ کے باعث کراچی سمیت صوبے بھر میں پرتشدد جرائم، ڈکیتیوں اور چوریوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سال 2026ء کے پہلے 6 ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائم اور سنگین جرائم میں 11.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں قتل کی وارداتوں میں 17.3 فیصد جبکہ شہرِ قائد میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں 24.3 فیصد کی واضح کمی ہوئی ہے۔
آئی جی سندھ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ شہریوں کے تحفظ، تجارتی و معاشی ترقی اور پرامن ماحول کے تسلسل کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔