نیشنل کرائم اینڈ کرپشن انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے نو تعینات ڈائریکٹر جنرل نے ادارے میں تعینات گریڈ 14 سے 19 تک کے افسران کی گزشتہ پانچ سالہ کارکردگی رپورٹس طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ رپورٹ میں افسران کی فیلڈ کارکردگی کے ساتھ ساتھ مالی شفافیت، زیر التواء انکوائریز، اور دورانِ ملازمت حاصل کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات بھی شامل کی جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ادارے میں احتساب اور شفافیت کو فروغ دینا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ "کس نے کتنا مال بنایا" اور کس افسر نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کیں۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں رپورٹ جمع کرانے کی آخری تاریخ آئندہ ہفتے مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کارکردگی اور مالی ریکارڈ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔