وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس ہے، ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہوں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے غیر قانونی شکار کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دے دیا، غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کو فوراً گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سخت ترین قانونی اصلاحات اور سزاؤں میں اضافے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی خامیوں کے باعث قومی وسائل کی لوٹ مار ناقابل برداشت ہے، خیبر پختونخوا حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائے گی، تمام متعلقہ محکمے قانون میں موجود سقم کی نشاندہی کر کے نئی تجاویز پیش کریں، جنگلات قوم کی امانت ہیں، ان کی لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی۔