پاکستان اسپورٹس بورڈ نے 7 ویٹ لفٹرز، کوچز اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن عہدیداران پر پابندی عائد کردی ہے۔
پی ایس بی کے اعلامیہ کے مطابق ان 7 افراد پر ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی واڈا کے قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان سات افراد میں چار ویٹ لفٹر شرجیل بٹ، عبدالرحمن، غلام مصطفی اور فرحان مجید شامل ہیں۔ کوچز حافظ عمران بٹ اور عرفان بٹ پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
پی ایس بی کے مطابق واڈا نے پہلے ہی ان سب افراد کو سسپینڈ کیا ہوا تھا کیونکہ انہوں نے ڈوپ ٹیسٹ سے منع کردیا تھا اور بعد میں جب ٹیسٹ ہوئے تو مثبت آئے۔
واڈا کے مطابق کوچز اور پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے آفیشلز بھی اس سازش میں شامل تھے جس کے تحت ویٹ لفٹرز کمپٹیشن میں ممنوعہ مادہ استعمال کرتے تھے۔ 
پاکستان واڈا کے ممبران میں شامل ہے اور تمام اسپورٹس فیڈریشنز کو واڈا کی اینٹی ڈوپنگ پالیسی کے قوانین پر عمل کرنا لازم ہے۔