کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) ملتان نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے بواتہ کے قریب اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک کروڑ چونتیس لاکھ روپے مالیت کی تقریباً 30 کلوگرام چاندی ضبط کرلی۔
ایف بی آر کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق مصدقہ اطلاع پر مقامی حکام کے تعاون سے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے ایک مسافر بس کو روکا اور اس کی تفصیلی تلاشی لی۔ 
تلاشی کے دوران کسٹم اہلکاروں نے تقریباً 30 کلوگرام وزنی چاندی کے بسکٹ برآمد کیے۔ کسی مسافر نے اس کی ملکیت کا دعویٰ نہ کیا اور نہ ہی درآمد یا خریداری کی قانونی دستاویزات پیش کیں جس سے واضح ہوگیا کہ یہ چاندی اسمگل شدہ تھی۔ 
ضبط شدہ چاندی کو کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اسمگل شدہ سامان کے ماخذ، روٹ اور متوقع وصول کنندگان کا سراغ لگایا جاسکے اور اسمگلنگ میں ملوث عناصر کو گرفتار کیا جائے۔
ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو موثر انفورسمنٹ اقدامات اور مختلف اداروں کے مشترکہ تعاون کے ذریعے قومی محصولات کے تحفظ اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر کسٹمز قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پُرعزم ہے۔