تیز پتے صرف کھانوں کو خوشبو اور ذائقہ دینے کے لیے ہی نہیں بلکہ برسوں سے قدرتی علاج کے طور پر بھی استعمال ہوتے آ رہے ہیں۔ ہاضمہ بہتر بنانے، گیس اور پیٹ میں بھاری پن کم کرنے کے ساتھ یہ بخار اور نزلہ زکام میں بھی معاون سمجھے جاتے ہیں، جبکہ جوڑوں کے درد اور گٹھیا جیسے مسائل میں بھی ان کی افادیت مانی جاتی ہے۔ روایتی طور پر تیز پتے کی خوشبو کو ماحول صاف کرنے اور کیڑے دور رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا، اور آج بھی بہت سے لوگ اس فائدے سے مستفید ہو رہے ہیں۔
تیز پتہ گھر میں دونوں طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ کچھ لوگ سونے سے پہلے چند خشک پتے تکیے کے نیچے رکھ لیتے ہیں، جبکہ بعض افراد انہیں جلا کر کمرے میں دھونی دیتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں تیز پتے ایک مخصوص، نرم اور سکون بخش خوشبو چھوڑتے ہیں جو ذہنی تھکن کم کرنے اور اعصاب کو آرام دینے میں مدد دیتی ہے۔
تیز پتہ کی خوشبو کے اثرات نیند کے معیار پر بھی مثبت پڑتے ہیں۔ جو لوگ بے چینی یا بھاری ذہنی حالت میں سوتے ہیں، ان کے لیے یہ قدرتی خوشبو بہتر آرام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ پتے مچھر اور دوسرے معمولی کیڑے بھگانے میں بھی معروف ہیں، لہٰذا ایسے افراد جو الرجی کی وجہ سے اسپرے استعمال نہیں کر سکتے، یہ طریقہ آزما سکتے ہیں۔
تیز پتہ کمرے کی فضا سے بدبو اور آلودگی کم کرنے میں بھی سہار ا فراہم کرتا ہے، جبکہ اسے توانائی اور ماحول بہتر بنانے کے لیے بھی مفید سمجھا جاتا ہے۔ نرم اور قدرتی خوشبو رات بھر سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہو کر ناک کی بندش کم کر سکتی ہے اور نزلہ زکام کے اثرات کو ہلکا کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔
نیند کے ماحول کو بہتر بنانے، ذہنی سکون بڑھانے اور فضا صاف رکھنے کے لیے تیز پتہ ایک سادہ مگر آزمودہ قدرتی ذریعہ ہے جو گھر میں با آسانی استعمال ہو سکتا ہے۔