اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 144 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر میں خفیہ اطلاع پر کی گئی۔ انٹیلی جنس معلومات کے مطابق منشیات کو ضلع خیبر کی ایک ڈمپنگ سائٹ پر پتھریلی چٹانوں کے نیچے چھپایا گیا تھا جہاں سے اسے رات کے وقت پنجاب اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
اے این ایف کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 144 کلوگرام چرس قبضے میں لے لی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی منشیات اسمگلنگ کے بڑے نیٹ ورکس کے خلاف جاری آپریشنز کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے این ایف ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ آپریشنز جاری رکھے گی۔