ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے نبیل اختر نامی مسافر کو ملائیشیا جانے والی پرواز PK-894 سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر بیرون ملک آمد و رفت کی جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔ تصدیق کے دوران ان اسٹیمپس کا ایف آئی اے کے سسٹم میں کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
گرفتار مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔