نوشہرو فیروز نورانی کالونی مورو میں گھریلو تنازع کے باعث دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر دیور نے بیوی کے ساتھ مل کر بھابھی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو گھر کے اندر دفن کرنے کی کوشش کی۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لاش برآمد کرلی، جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نورانی کالونی کے رہائشی سید ساجد علی شاہ پر الزام ہے کہ اس نے اپنی بھابھی سید آمنہ شاہ کو مبینہ تشدد کے بعد قتل کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی جہاں ملزم گھر کے اندر ہی لاش دفنانے کے لیے گڑھا تیار کر رہا تھا۔
پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر سول اسپتال مورو منتقل کردی جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم ساجد علی شاہ اور اس کی بیوی فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقتولہ کے ورثا کو اطلاع دے دی گئی ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مکمل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔