سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ای چالان کے جرمانے غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے فریقین سے 25 نومبر تک جواب طلب کر لیا۔
یہ فیصلہ بس اونرز ایسوسی ایشن کی ای چالان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ درخواست گزار کے وکیل منصف جان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سزا دینا انتظامیہ کا اختیار نہیں بلکہ موٹر وہیکل ترمیم ایکٹ کے تحت ٹریفک مجسٹریٹ ہی کر سکتا ہے۔
وکیل نے مزید کہا کہ ای چالان اور جرمانوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے شہر کی سڑکوں کی حالت خراب اور ٹریفک سائن واضح نہیں ہیں اور کمرشل بسوں پر ایک لاکھ روپے تک جرمانہ کاروبار کو شدید نقصان پہنچائے گا۔
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا کہ کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام درست اقدام ہے، لیکن جرمانوں کی رقم غیر منصفانہ اور ناقابل برداشت ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام فریقین کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کی اور کیس کی مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔