سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 20 دہشتگرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے 8 اور 9 نومبر کو خیبر پختونخوا کے دو مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 20 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیاں شمالی وزیرستان کے شوال اور درہ آدم خیل میں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں 8 بھارتی سپانسرڈ خوارج مارے گئے۔

دوسری کارروائی درہ آدم خیل میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران مزید 12 خوارج ہلاک ہوئے۔ فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی جاری رکھا ہوا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بیرونی حمایت یافتہ دہشت گرد عنصر کا خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ”وژن عزمِ استحکام“ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم جاری ہے اور دشمن کے نیٹ ورکس کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بھرپور عزم برقرار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US