سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ رواں حج سیزن میں میڈیسن اور بلڈ سیمپلز کی منتقلی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کو مزید فروغ دیا جائے گا، جس سے طبی خدمات کی فراہمی میں تیزی اور معیار میں اضافہ ہوگا۔
جدہ میں حج وعمرہ کانفرنس و نمائش کے پانچویں ایڈیشن کے مذاکراتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت نے بتایا کہ مملکت کنگ عبدالعزیز کے 1952 میں وضع کردہ خدمتِ حج کے اصولوں پر عمل پیرا ہے، جس میں عازمین حج کی صحت کو ہر صورت میں یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر حج مشن میں ڈاکٹر تعینات کرنے کی ہدایات دی جاتی ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ مملکت نے عازمین کی صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اداروں کو خدمتِ ضیوف الرحمان پروگرام سے منسلک کیا ہے۔
فہد الجلاجل نے کہا کہ حج کے دوران درپیش موسمی، ماحولیاتی اور وبائی خطرات سے نمٹنے کے لیے حکومتی ادارے پیشگی حکمت عملی تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال میڈیسن اور بلڈ سیمپلز کی منتقلی کے لیے ڈرون نیٹ ورک کو وسعت دی جائے گی جس کے لیے متعلقہ کمپنیوں سے تعاون جاری ہے۔
وزیر صحت نے واضح کیا کہ روایتی گاڑیوں کے ذریعے میڈیسن یا سیمپلز پہنچانے میں ڈیرھ سے تین گھنٹے لگتے تھے لیکن ڈرون کے ذریعے یہ دورانیہ صرف 5 سے 10 منٹ ہوگا جس سے حج میں طبی خدمات کا معیار بہتر ہوگا اور عازمین کی صحت کی فوری دیکھ بھال ممکن ہوگی۔