ایران نے صدر ٹرمپ کے معاہدے پر دستخط کے دعوے کو مسترد کردیا

image

ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان آج (اتوار) امن معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

پاسدارانِ انقلاب کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اتوار کے روز کسی بھی معاہدے پر دستخط نہیں ہوں گے۔ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ اپنی سالگرہ کے موقع پر 14 جون کو معاہدے کی دستخطی تقریب منعقد کرنا چاہتے ہیں تاکہ اسے علامتی اہمیت دے کر ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ معاہدے پر آج دستخط ہوں گے اور معاہدہ طے پاتے ہی آبنائے ہرمز کو کھول دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے بعد ایران کے ساتھ امریکہ کے تعلقات پہلے سے بہتر ہوں گے اور اس میں کسی قسم کی مالی ادائیگی یا رقم کا تبادلہ شامل نہیں ہوگا۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں امید ظاہر کی تھی کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جبکہ انہوں نے مذاکراتی عمل میں تعاون پر دونوں ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US