ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ثالثی کردار ادا کرنے کے لیے قطر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد تہران پہنچ گیا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی آئی ایس این اے کے مطابق وفد کی قیادت قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی کے مشیر کر رہے ہیں۔ وفد کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینا اور سفارتی عمل کو آگے بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دورہ گزشتہ ہفتے ہونے والے مذاکرات کے تسلسل کا حصہ ہے۔ قطر طویل عرصے سے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرتا آ رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے لیے ایک اہم سفارتی پل سمجھا جاتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق قطری وفد اپنے قیام کے دوران ایرانی حکام سے مذاکراتی عمل میں ہونے والی تازہ پیش رفت، ممکنہ معاہدوں اور مستقبل کے سفارتی اقدامات پر تفصیلی مشاورت کرے گا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ قطر کے اس دورے کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران و امریکا کے درمیان ممکنہ مفاہمت کی راہ ہموار کرنے کی ایک اہم کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔