اسلام آباد میں پہلی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس، اویس قادر کی بھی شرکت

image

اسلام آباد میں پہلی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی سندھ سید اویس قادر شاہ نے شرکت کی۔

یہ کانفرنس اپریل 2025ء میں سیول، جنوبی کوریا میں چیئرمین سینیٹ پاکستان اور بانی چیئرمین آئی ایس سی سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں تشکیل دی گئی تھی۔

پہلی بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے۔ افتتاحی تقریب اسلام آباد کی نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف تھے جبکہ چیئرمین سینیٹ اور بانی چیئرمین آئی ایس سی سید یوسف رضا گیلانی نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس کے سیکریٹری جنرل ایکناتھ دھکل اور سفیر آئی ایس سی مصباح کھر نے بھی تقاریر کیں۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی، اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور اسپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے خطاب میں کہا چیئرمین سینیٹ اور بانی چیئرمین آئی ایس سی سید یوسف رضا گیلانی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ اسلام آباد میں دنیا بھر کے قانون سازوں اور سفارتکاروں کو جمع کرنا پاکستان کی علاقائی امن کی کوششوں کا عکاس ہے۔ پاکستان ہمیشہ امن، سلامتی اور ترقی کا حامی رہا ہے اور عالمی و علاقائی سطح پر شراکت داری کو فروغ دیتا رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں آئی ایس سی علاقائی و عالمی امن کے لیے مثبت نتائج دے گا۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ آئی ایس سی نے 40 سے زائد ممالک کے مہمانوں، اسپیکرز، قانون سازوں اور قومی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔ اس سال کانفرنس کا موضوع امن، سلامتی اور ترقی ہے۔ آئی ایس سی صرف ایک پارلیمانی ادارہ نہیں بلکہ پاکستان کی امن، تعاون اور کوششوں کا مظہر ہے، پاکستان عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ رکھتا ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اگر پارلیمانی قیادت نے فوری اقدامات نہ کیے تو یہ بحران مزید سنگین ہوجائے گا۔ قومی سلامتی کے لیے انسانی ترقی پر مبنی قانون سازی ناگزیر ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کے عزم پر قائم ہے۔

وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ دونوں نے عالمی قیادت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر عالمی دہشتگردی کے خاتمے کی کوششوں میں شامل ہوں۔

اس موقع پر اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے چیئرمین سینیٹ اور بانی چیئرمین آئی ایس سی سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں اُن کی شاندار قیادت اور عالمی سطح پر پارلیمانی اتحاد کے قیام کی کاوشوں کو سراہا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US