وانا کیڈٹ کالج پر گزشتہ روز افغان خوارج کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج پر حملہ کرنے والے خوارج افغان شہری ہیں اور وہ ٹیلیفون کے ذریعے افغانستان سے ہدایات لے رہے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالج میں موجود 3 افغان خوارجین کو ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا گیا ہے جو کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی فاصلے پر واقع ہے۔ تمام کیڈٹس اس وقت مکمل طور پر محفوظ ہیں اور کالج سے نکالنے کا عمل بتدریج جاری ہے۔کالج میں اس وقت تقریباً 535 افراد موجود ہیں جبکہ اب تک 115 افراد کو محفوظ ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ 10 نومبر کو خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی جس سے گیٹ منہدم اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ فوری کارروائی میں پاک فوج کے جوانوں نے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ تین خوارج کالج کے ایڈمن بلاک میں محصور ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔