سب نے کہا تھا یہ شادی نہیں چلے گی۔۔ یاسرہ رضوی آج کل کہاں غائب ہیں؟

image

"جب میری شادی کے وقت کہا گیا کہ یہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گی تو دل میں یہی سوچ آئی کہ چلو کچھ سال ہی چلے گی، مگر چلے گی تو سہی۔ اس تبصرے نے مجھے یہ سبق دیا کہ فی الحال جو کچھ چل رہا ہے اسے اسی طرح چلنے دینا چاہیے کیونکہ زندگی میں کسی بھی چیز کی ضمانت نہیں ہوتی اور نہ ہی معلوم ہوتا ہے کہ اگلے لمحے کیا ہونے والا ہے۔"

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور لکھاری یاسرہ رضوی نے اپنی شادی اور ذاتی زندگی کے بارے میں ایک دلنشین اور سنجیدہ انٹرویو دیا۔ یاسرہ نے 2016 میں ڈراما پروڈیوسر عبدالہادی سے شادی کی تھی، جو خود سے تقریباً 10 سال چھوٹے ہیں۔ شادی کے وقت ان کے درمیان عمر کے فرق کی وجہ سے تنقید بھی ہوئی تھی، تاہم اب یہ شادی خوش اسلوبی کے ساتھ جاری ہے اور اس جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

یاسرہ رضوی نے اپنی ذاتی روحانی تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد ان کی زندگی میں ایک نمایاں تبدیلی آئی۔ دو سال قبل والدہ کا انتقال ہوا، اور یاسرہ اس وقت والدہ کے کمرے میں رہ رہی تھیں۔ والدہ نماز پابندی سے ادا کیا کرتی تھیں جبکہ وہ خود اس قدر پابندی نہیں کرتی تھیں۔ ایک دن وہ والدہ کے کمرے میں سو رہی تھیں کہ فجر کی اذان پر اچانک آنکھ کھلی، اور ان کی نگاہ والدہ کی نماز کی جگہ پر گئی۔ یہی لمحہ ان کی روحانی بیداری کی ابتدا بن گیا اور تب سے وہ نماز کی پابندی کرنے لگی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ نہ صرف نماز ادا کر رہی ہیں بلکہ قرآن کی تفسیر بھی پڑھ رہی ہیں تاکہ اس مقدس کتاب کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔ یاسرہ کے مطابق یہ تبدیلی ان کی ذاتی زندگی میں سکون اور استقامت لے آئی ہے، اور انہیں یہ احساس دلاتی ہے کہ زندگی کے ہر لمحے کو شکر اور غور سے گزارنا چاہیے۔

جب کہ آج کل ٹیلیویژن سے دوری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت ان کی توجہ اپنے گھر اور بیٹے پر مرکوز ہے اور وہ اپنی گھریلو زندگی میں کافی خوش اور مطمئن ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US