ہنی مون پر سسرال والوں کے ساتھ کہاں جانا چاہتے ہیں؟ ڈاکٹر نبیحہ اور ان کے شوہر کا تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب

image

"میں نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا کہ شادی کے بعد اپنے شوہر کے ساتھ عمرہ ادا کروں،" ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں مسکراتے ہوئے کہا۔ انہوں نے مزید بتایا، "ہم نے پہلے باکو جانے کا ارادہ کیا تھا، لیکن پھر میرا دل چاہا کہ پہلے ہم عمرہ کریں، اب ہم اپنے سسرال والوں کے ساتھ جلد ہی عمرے پر جائیں گے۔"

پاکستان کی معروف ماہرِ نفسیات اور سوشل میڈیا پر متحرک شخصیت ڈاکٹر نبیحہ علی خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ نکاح کے بعد ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن پر تعریفی اور تنقیدی دونوں طرح کے ردعمل سامنے آئے۔ تاہم اب انہوں نے اور ان کے شوہر حارث کھوکھر نے اس حوالے سے وضاحت دی ہے۔

حارث کھوکھر نے نکاح کی ویڈیو پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا، "میرے دادا، دادی اور نانا انتقال کر چکے ہیں، اب میرے ساتھ صرف میری نانی ہیں جن کی حال ہی میں سرجری ہوئی تھی، اس وجہ سے وہ نکاح میں شرکت نہیں کر سکیں۔ انہوں نے مجھ سے بار بار کہا کہ نکاح کی ویڈیو دکھاؤ کیونکہ مولانا طارق جمیل نکاح پڑھا رہے تھے اور وہ ان کی بہت بڑی مداح ہیں۔ ہمارا تعلق ایک روایتی خاندان سے ہے جو بزرگوں کی عزت کرتا ہے، اسی لیے ان کی خواہش پوری کرنا میرے لیے ضروری تھا، لیکن افسوس کہ لوگوں نے اس پر بھی تنقید شروع کر دی۔"

ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے بھی سوشل میڈیا پر ان افواہوں پر بات کی جن میں کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے اپنے منہ بولے بھائی سے شادی کی ہے۔ انہوں نے کہا، "ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں کوئی کہہ رہا ہے کہ میں نے اپنے منہ بولے بھائی سے شادی کی ہے، آخر کوئی یہ بات سوچ بھی کیسے سکتا ہے؟ میں صاف الفاظ میں کہتی ہوں کہ وہ کبھی میرے بھائی نہیں تھے۔ نہ وہ میرے کزن ہیں، نہ کسی رشتے دار سے تعلق رکھتے ہیں، پھر آپ انہیں میرا بھائی کیسے کہہ سکتے ہیں؟"

ان کے شوہر حارث کھوکھر نے بھی واضح کیا، "میں کھوکھر ہوں اور وہ خان ہیں، ہمارے خاندان الگ ہیں۔" اس پر ڈاکٹر نبیحہ نے مزید کہا، "نکاح سے پہلے ہر انسان ایک دوسرے کے لیے محترم ہوتا ہے، میں کبھی کسی کے بارے میں غلط سوچ نہیں رکھتی۔ میں نے کبھی حارث کو بھائی نہیں کہا، لوگ بلاوجہ منفی باتیں پھیلا رہے ہیں۔"

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "جو منفی تبصرے آپ دیکھ رہے ہیں وہ زیادہ تر انہی لوگوں کے ہیں جو ہمارے اپنے طبقے سے تعلق رکھنے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر دراصل ہم ان جیسے نہیں ہیں۔"

ڈاکٹر نبیحہ اور حارث کھوکھر نے بتایا کہ یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا کے کچھ لوگ جھوٹی باتیں پھیلا کر ویوز اور پیسے کما رہے ہیں۔ "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ہم ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے،" انہوں نے کہا۔

نبیحہ علی خان، جو اپنے بے باک مؤقف اور کھلے انداز میں گفتگو کے لیے جانی جاتی ہیں، اس بار بھی اپنے انداز میں صاف گوئی کے ساتھ تنقید کا جواب دیتی نظر آئیں۔ انہوں نے کہا، "ہم نے نکاح اللہ کی رضا کے لیے کیا، اور اب ہم عمرے سے اپنی نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔"


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US