ڈی جی آئی ایس پی آر کی طلباء سے ملاقات، فوجی قربانیوں اور سوشل میڈیا پروپیگنڈا پر گفتگو

image

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کانونٹ جیسس اینڈ میری، بیکن ہاؤس اور روٹس اسکول سسٹم کے طلباء و طالبات اور اساتذہ سے ایک خصوصی نشست میں ملاقات کی، جس میں افواجِ پاکستان کے آپریشنل امور، قومی سلامتی اور داخلی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

نشست کے آغاز میں اسکول کے پرنسپل نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ فوج ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے جو خدمات انجام دے رہی ہے وہ قابلِ فخر ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈا، گمراہ کن معلومات اور دشمن کے نفسیاتی حربوں سے آگاہ کیا اور تلقین کی کہ ہمیشہ حقائق کو درست نقطہ نظر سے دیکھا جائے اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین کرنے سے پہلے تحقیق کی جائے۔

طلباء و طالبات نے کہا کہ انہیں افواجِ پاکستان سے براہِ راست بات کرنے کا موقع ملنا ایک بڑا اعزاز ہے اور وہ فوج پر فخر محسوس کرتے ہیں جو عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرتی۔ اساتذہ نے پاک فوج کے عزم اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ آج کی نشست نے انہیں دشمن کے تزویراتی تکبر کا مقابلہ کرنے کے طریقے سکھائے۔

طلباء نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پروپیگنڈا سے بچنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور خبروں کی سچائی جاننے کے لیے تحقیق کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے فوج اور عوام کے مضبوط اتحاد کو سراہا اور کہا کہ آج وہ بہتر طور پر سمجھتے ہیں کہ پاک فوج کس طرح ملک کو دہشت گردی سے محفوظ رکھ رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US