بلوچستان ہائی کورٹ نے انصاف کے نظام میں شفافیت، احتساب اور عوامی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا اور سہل عوامی رابطہ نظام متعارف کرادیا ہے۔ اس نظام کے تحت شہری اب براہِ راست اپنی عدالتی شکایات ہائی کورٹ تک پہنچا سکیں گے۔
عدالت عالیہ بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، عوام اپنی شکایات واٹس ایپ نمبر 0335-0926534 پر صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک درج کرا سکتے ہیں۔ شکایات متنی پیغامات، خطوط، پی ڈی ایف فائلز یا تصاویر کی صورت میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
مزید برآں، شہری اپنی شکایات اور دستاویزی شواہد ای میل کے ذریعے بھی بھیج سکتے ہیں۔ ہائی کورٹ نے اس مقصد کے لیے [email protected]
ای میل ایڈریس مختص کیا ہے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ نمبر پر ویڈیو یا دستاویزی ثبوت منسلک کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم وائس کالز یا صوتی پیغامات قبول نہیں کیے جائیں گے۔
عدالت عالیہ بلوچستان کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوامی شکایات کے بروقت ازالے، عدالتی نظام میں شفافیت کے فروغ، اور شہریوں کو انصاف کے نظام میں فعال شراکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے انصاف کے عمل کو مزید مؤثر، شفاف اور جوابدہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔