اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو کی جانب سے مدینہ کو پکوانوں کے شعبے میں تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں شامل کرنے کے اعلان کے بعد دو روزہ مدینہ ٹاپ شیف مقابلے کا دوسرا ایڈیشن منعقد کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق پکوانوں کے مقابلے میں 100 سے زائد مرد و خواتین ماہرین شرکت کر رہے ہیں۔ٹاپ شیف مقابلے کا انعقاد کالج آف ٹورازم اینڈ ہاسپیٹیلیٹی ٹیکنالوجی میں ہوا جو 13 جنوری تک جاری رہے گا۔
مقابلے کا مقصد ماہرین کی فنکارانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے جس سے ان کی پیشہ ورانہ زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
کالج کے ڈین عبدالقادر الصاعدی نے بتایا کہ یہ مقابلہ کالج کے اقدامات میں سے ایک ہے جسے ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے ٹرینیز فنڈ کا تعاون حاصل ہے۔