وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا، جہاں آئی جی ایف سی خیبرپختونخوا ساوتھ میجر جنرل مہر عمر خان نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کا مقصد پاک فوج اور ایف سی کے اُن بہادر افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ بروقت اور جرات کے ساتھ ناکام بنایا اور تمام کیڈٹس و اساتذہ کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کیا۔
وزیر داخلہ نے متاثرہ کیڈٹس اور اساتذہ سے بھی ملاقات کی، ان کے حوصلے، عزم اور بہادری کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہیں حملے کی تفصیلات اور ریسکیو آپریشن سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے دہشت گردوں کو درندے قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا ایسے عناصر کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔
وزیر داخلہ نے پاک فوج اور ایف سی کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دلیر جوانوں نے سانحہ اے پی ایس جیسی سازش کو ایک بار پھر ناکام بنایا اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی مکمل تزئین و آرائش کی جائے گی جبکہ طلباء اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کرنے والے پاک فوج اور ایف سی کے جوان قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔