پشاور پولیس نے تھانہ تہکال کے علاقہ فارسٹ بازار میں شادی کی تقریب میں ہونے والی شدید ہوائی فائرنگ کے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے دلہا سمیت 12 افراد کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس کے بعد پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ ڈی ایس پی ٹاؤن سرکل ارباب نعیم حیدر کی نگرانی میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں دلہا جبران بھی شامل ہے جن کے قبضے سے ایک ایل ایم جی گن، ایک ایم فور رائفل، دو کلاشنکوف اور ایک پستول برآمد ہوئی۔ پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف تھانہ تہکال میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی خطرناک سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی تاکہ عوام میں امن و امان قائم رہے۔