وفاقی دارالحکومت میں آن لائن بائیک سروسز کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی گئی ہے، اور بغیر رجسٹریشن آن لائن بائیک چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب حالیہ حملے میں حملہ آور کے آن لائن بائیک رائیڈر کے ذریعے کچہری پہنچنے کی تصدیق ہوئی۔ اس کے بعد اداروں نے فوری طور پر حرکت میں آ کر قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا۔
راولپنڈی میں بھی ایپلیکیشن پر رجسٹریشن کے بغیر آن لائن بائیک رائیڈ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رپورٹ کے مطابق، بغیر رجسٹریشن آن لائن بائیک چلانے والوں کا سروے شروع کر دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کا امکان موجود ہے۔
اداروں کا کہنا ہے کہ آن لائن بائیک سروس فراہم کرنے والوں کے لیے ایپلیکیشن پر رجسٹریشن لازمی ہے، اور اس اصول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔